نامیبیا سے 8 چیتے ہندوستان پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔ لیکن اس سے پہلے سیاست شروع ہو گئی ہے۔ ایک طرف بی جے پی کے ذریعہ یہ مشتہر کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے یومِ پیدائش (17 ستمبر) پر 8 چیتوں (5 مادہ، 3 نر) کا تحفہ ہندوستان کو مل رہا ہے، وہیں دوسری طرف کانگریس نے ’پروجیکٹ چیتا‘ کو منموہن حکومت میں ملی منظوری کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

دراصل کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں جئے رام رمیش چیتا کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔ اس ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے ’’پروجیکٹ چیتا کی تجویز 09-2008 میں تیار ہوئی۔ منموہن سنگھ جی کی حکومت نے اسے منظوری دی۔ اپریل 2010 میں اس وقت کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جئے رام رمیش جی افریقہ کے چیتا آؤٹ ریچ سنٹر گئے۔ 2013 میں سپریم کورٹ نے پروجیکٹ پر روک لگائی، 2020 میں روک ہٹی۔ اب چیتے آئیں گے۔‘‘

ظاہر ہے اس ٹوئٹ کے ذریعہ کانگریس نے ’پروجیکٹ چیتا‘ پر اپنا دعویٰ ٹھوک دیا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم مودی یا پھر مودی کابینہ میں شامل کسی لیڈر کا اس تعلق سے کوئی بیان آتا ہے یا نہیں۔ ویسے نامیبیا سے ہندوستان پہنچنے والے چیتوں کو پی ایم مودی 17 ستمبر کو مدھیہ پردیش کے ’کنو نیشنل پارک‘ میں چھوڑیں گے۔ نامیبیا سے چیتوں کو بھوکے پیٹ ایک خصوصی طیارے سے ہندوستان لایا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ 1952 میں حکومت ہند نے چیتوں کو معدوم قرار دے دیا تھا۔