بی جے پی نے یکم ستمبر یعنی سنیچر کے روز مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال سے تقریباً 55 کلومیٹر دور رائے سین واقع راتاپانی جنگل میں ایک سیکریٹ میٹنگ کی ہے۔ اس جنگل میں ایک گیسٹ ہاؤس موجود ہے جہاں ہوئی میٹنگ کو انتہائی خفیہ رکھا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راتاپانی جنگل میں موبائل نیٹورک موجود نہیں ہے، اور قابل ذکر یہ ہے کہ جب میٹنگ ہو رہی تھی تو وہاں سیکورٹی اہلکاروں کو رہنے کی اجازت بھی نہیں تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیچر کی صبح تقریباً 10 بجے میٹنگ شروع ہوئی جو غالباً 9 گھنٹے تک چلی۔ ذرائع کے حوالے سے موصول ہو رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ میٹنگ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کو لے کر تھی۔ یعنی میٹنگ میں انتخابی پالیسیوں اور لائحہ عمل تیار کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ حالانکہ بی جے پی کور گروپ کی اس میٹنگ میں شامل لیڈروں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا ہے۔

ایک ہندی نیوز ویب سائٹ پر شائع خبر میں بتایا گیا ہے کہ اس میٹنگ کی صدارت بی جے پی کے قومی تنظیمی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش نے کی۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر، جیوترادتیہ سندھیا، پرہلاد پٹیل، ویریندر کھٹیک پھگن سنگھ کلستے، نروتم مشرا، بھوپندر سنگھ، وی ڈی شرما اور کیلاش وجے ورگیہ جیسے سرکردہ لیڈران بھی اس میٹنگ میں شریک تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میٹنگ سے گوپال بھارگو اور وجئے شاہ سمیت کچھ سینئر وزراء کو دور رکھا گیا تھا۔