مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈر اودے سنگھ چوہان کے اکلوتے بیٹے سجیت چوہان کے قتل کی خبر نے ہلچل مچا دی ہے۔ ایک معمولی تنازعہ کے دوران اندور میں دو فریقین کے درمیان ہوئے جھگڑے میں سجیت چوہان کو اپنی جان گنوانی پڑی۔ پولس نے ایف آئی آر درج کر فرار ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔ معاملہ لوکیش ورما، ملکیش ورما، منو کنہیا لال، روہت بنباری، بھورا سندر، درشن پرکاش اور راکیش ڈان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پگڈمبر گاؤں میں راجہ ورما نامی شخص کے یہاں پلاٹ پر بورنگ کا کام ہو رہا تھا۔ دھول-مٹی اڑنے کے سبب دوسرے فریق نے بورنگ بند کروانے کو کہا۔ اس بات پر تنازعہ شروع ہو گیا جو جلد ہی تصادم میں بدل گیا۔ دونوں فریقین ایک دوسرے پر لاٹھی-ڈنڈے چلانے لگے۔ اچانک چاقوؤں سے حملہ شروع ہو گیا اور کسی نے سجیت چوہان پر بھی حملہ کر دیا جس سے جائے وقوع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔
اس واقعہ کے بعد ناراض لوگوں نے بائپاس پر چکہ جام کر ملزمین کی گاڑیوں میں آگ لگا دی۔ قتل کی خبر ملتے ہی ڈی آئی جی اور پولس سپرنٹنڈنٹ سمیت اہم افسران موقع پر پہنچے۔ افسران نے ناراض لوگوں کو سمجھا کر خاموش کرایا اور تصادم میں زخمی 3 لوگوں کو بغرض علاج اسپتال بھیجا۔ اس درمیان کلکٹر منیش سنگھ نے ملزمین کے دیوپوری کالونی واقع دو مکانات پر بلڈوزر چلانے کا حکم دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ہی مکانات غیر قانونی طریقے سے بنائے گئے ہیں۔