ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب اتر پردیش میں رابرٹس گنج اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار بھوپیش چوبے عوامی جلسہ کے دوران کان پکڑ کر اٹھک-بیٹھک کرتے اور لوگوں سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگتے نظر آئے تھے۔ ان کی غلطی یہ تھی کہ گزشتہ مرتبہ اسی اسمبلی حلقہ سے انتخاب جیتنے کے بعد علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا۔ اس بات پر مقامی لوگ انتہائی ناراض ہیں اور بھوپیش چوبے کو شکست کا خوف ستانے لگا ہے۔ اٹھک-بیٹھک کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل بھی ہوئی تھی۔ اب ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ایک ضعیف ووٹر کی تیل مالش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھوپیش چوبے کی کئی تصویریں بھی وائرل ہو رہی ہیں جس میں ایک ضعیف شخص بیٹھا ہوا نظر آ رہا ہے اور بھوپیش چوبے اسے تیل لگا رہے ہیں۔ ضعیف شخص کے چہرے پر مسکراہٹ بھی تیرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ حالانکہ یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ کس گاؤں کی ویڈیو یا تصویر ہے، اور اسے کب شوٹ کیا گیا۔

بہرحال، بی جے پی امیدوار بھوپیش چوبے اس بار اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لیے پرزور کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے چپل پہننا بھی چھوڑ دیا ہے اور عزم ظاہر کیا ہے کہ انتخاب جیتنے تک اناج نہیں کھائیں گے۔ بھوپیش چوبے نے ووٹرس کو بھگوان بھی بتایا اور کہا کہ وہ ووٹرس کے سامنے عام شخص کے طور پر جانا چاہتے ہیں، اس لیے عیش و آرام کو ترک کر دیا ہے۔