بی جے پی کے قومی نائب صدر دلیپ گھوش اپنے بیانات کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں۔ ان کے کچھ بیانات کافی متنازعہ ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اب ان سے ناراض نظر آ رہی ہے۔ اس سلسلے میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے انھیں ایک خط لکھ کر تنبیہ کی ہے کہ وہ بلاوجہ بیان بازی سے پرہیز کریں۔ خط میں ارون سنگھ نے لکھا ہے کہ میڈیا ہو چاہے کوئی عوامی اسٹیج، اس سے دوری بنانے اور خود کے ہی پارٹی اراکین کی برائی کرنے سے بچیں۔
بی جے پی قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے خط میں واضح لفظوں میں دلیپ گھوش کو ایسے بیانات دینے سے منع کیا ہے جس سے پارٹی کو نقصان پہنچے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’مغربی بنگال میں پارٹی کے سربراہ، رکن اسمبلی اور اب قومی نائب صدر و رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے پارٹی اراکین آپ کی طرف ہدایت، تعاون اور حوصلہ افزائی کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آپ نے بنگال بی جے پی کا صدر رہتے ہوئے جن اچھے کاموں کو شروع کیا تھا، پارٹی اراکین اسے جاری رکھنے کے لیے آپ سے تعاون چاہتے ہیں۔ اس لیے ایسے بیانات نہ دیے جائیں جس سے پارٹی لیڈران و اراکین کی حوصلہ شکنی ہو۔‘‘
ارون سنگھ نے خط میں یہاں تک لکھا کہ ’’حال کے انٹرویو میں آپ کے دیے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ آپ کے بیانات نے ریاست (مغربی بنگال) میں پارٹی لیڈروں کو ناراض کیا ہے۔‘‘