کورونا وبا کی وجہ سے انڈین ریلوے نے مسافروں کو تکیہ، چادر اور کمبل فراہم کرنے کی سہولت بند کر دی تھی۔ اب ایک بار پھر ریل مسافروں کے لیے ان سامانوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ لیکن اس بار تکیہ، چادر اور کمبل مفت نہیں بلکہ پیسے دے کر حاصل کرنے ہوں گے۔ انڈین ریلوے 300 روپے ادا کرنے پر ایک مکمل کِٹ دے گی۔ اگر مسافر کو ایک سامان چاہیے، تو ایسا بھی ممکن ہو پائے گا۔

وزارت ریلوے کے افسران کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مسافر صرف کمبل لینا چاہے تو اسے 180 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اسی طرح تکیہ کے لیے 70 روپے اور چادر کے لیے 40 روپے دینے ہوں گے۔ سفر ختم ہونے کے بعد مسافر ان چیزوں کو اپنے ساتھ لے جا سکتا ہے۔ اس سہولت سے ان لوگوں کو فائدہ ہوگا جو کمبل وغیرہ گھر سے لے جانا پسند نہیں کرتے۔ وہ چاہیں تو کمبل، تکیہ اور چادر وغیرہ خریدیں، استعمال کریں اور گھر لے جائیں، یا پھر ٹرین پر چھوڑ دیں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ مذکورہ سہولت فی الحال شمالی اور مشرقی ریلوے کے ذریعہ شروع کی گئی ہے۔ سب کچھ بہتر رہا تو جلد ہی دیگر زون میں بھی یہ سہولتیں شروع کی جائیں گی۔ ڈبرو گڑھ راجدھانی، چنئی راجدھانی اور نئی دہلی سے وارانسی کے درمیان چلنے والی مہامنا ایکسپریس میں یہ سہولت شروع کی گئی ہے۔ دہلی ڈویزن کی 57 ٹرینوں میں یہ سہولت شروع کرنے کی تیاری ہے۔