اداکارہ تاپسی پنّو اپنا ہر کردار سخت محنت اور لگن سے کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ تازہ ترین جانکاری یہ ہے کہ انہوں نے آنے والی فلم ’بلر‘ کے کردار میں ڈھلنے کے لیے 12 گھنٹے تک اپنی آنکھوں پر پٹی باندھے رکھی۔ کردار میں جان پھونکنے کی تاپسی کی اس قدر مشقت سے سبھی حیران ہیں اور ان کی تعریف کر رہے ہیں۔
دراصل تاپسی پنو فلم ’بلر‘ میں ایک نابینہ کا کردار نبھانے والی ہیں۔ نابینہ کے احساسات و جذبات کو سمجھنے کے لیے انہوں نے آنکھوں پر پٹی باندھے رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاپسی نے اس کے لیے صبح 7 بجے سے اپنی آنکھوں پر کپڑے کی پٹّی باندھ لی اور اس کے بعد روزمرہ کا کام کیا۔ انہیں بغیر پٹّی ہٹائے فون کالس کرنے کے ساتھ ساتھ کھانا-پینا بھی انجام دینا تھا، اور فلم سے جڑے اداکاروں و دیگر شعبوں کے لوگوں سے رابطہ بھی کرنا تھا۔
فلم ’بلر‘ کے لیے تاپسی پنّو کی محنت دیکھ کر فلم شائقین کافی پُرجوش ہیں اب انھیں فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔ ویسے فلم کا ایک پوسٹر جاری ہو چکا ہے جس میں تاپسی اپنی آنکھوں پر پٹی باندھے نظر آرہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ’بلر‘ ایک تھرلر فلم ہے جسے اجے بہل ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ زی اسٹوڈیوز، آؤٹ سائڈرس فلمز اور اکولون پروڈکشنز اس کے پروڈیوسرز ہیں۔ فلم ’بلر‘ میں تاپسی کے علاوہ گلشن دِویا بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ فلم اگلے سال ریلیز ہونے کی امید ہے۔