آئی پی ایل 2022 میں سنرائزرس حیدر آباد کے تیز گیندباز عمران ملک اپنی تیز رفتار گیندوں سے سبھی کو متاثر کر رہے ہیں۔ اب تک ملک و بیرون ممالک کے کئی سابق کرکٹرس عمران کی تعریف کر چکے ہیں اور جلد از جلد انھیں ہندوستانی ٹیم میں بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اب اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز سابق کرکٹر برائن لارا کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ سنرائزرس حیدر آباد کے بلے بازی کوچ برائن لارا نے عمران کی تعریف کرتے ہوئے ان میں ویسٹ انڈیز کے سابق تیز گیندباز فیڈیل ایڈورڈس کا عکس نظر آنے کی بات کہی ہے۔

عمران ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے برائن لارا نے جو بیان دیا ہے اس میں کہا ہے کہ ’’عمران ملک کو دیکھ کر مجھے فیڈیل ایڈورڈس کی یاد آتی ہے۔ جب اس نے بھی شروعات کی تھی تو اس کے پاس بھی کافی زیادہ رفتار تھی۔ مجھے امید ہے کہ عمران جلد از جلد اپنے کھیل کو سمجھے گا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اسے جلد ہی بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔‘‘

غور طلب ہے کہ گزشتہ روز ہندوستان کے سابق آل راؤنڈر اور ہندوستانی ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری نے بھی عمران ملک کی تعریف کی تھی۔ روی شاستری نے کہا تھا کہ بی سی سی آئی کو چاہیے کہ وہ عمران کو سنٹرل کانٹریکٹ میں رکھے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران کو سمیع اور بمراہ جیسے گیندبازوں کے آس پاس رکھنا چاہیے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ سیکھ سکے۔