مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں ہند-بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف جوانوں کو اس وقت بے انتہا حیرانی ہوئی جب انھوں نے کئی سارے موبائل کو ندی میں بہتا ہوا دیکھا۔ معاملہ 8 اکتوبر کا ہے جب بارڈر آؤٹ پوسٹ لودھیا میں جنوبی بنگال فرنٹیر 70ویں بٹالین کے فوجیوں نے پگلا ندی میں کچھ کیلے کے تنوں کو تیرتا دیکھا۔ پھر ان کی نظر ان سے بندھے پلاسٹک کنٹینروں پر گئی۔ یہ کنٹینر بنگلہ دیش کی طرف تیر رہے تھے۔ جب سبھی کنٹینروں کو پانی سے باہر نکالا گیا تو ان میں سے 317 موبائل فون نکلے۔

بتایا جاتا ہے کہ موبائل کو بہت ہی عقلمندی کے ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ پر پہنچایا جا رہا تھا اور اس طرح اسمگلنگ کا عمل انجام پا رہا تھا۔ برآمد موبائل فون کی قیمت 38 لاکھ 83 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ سبھی موبائل الگ الگ کمپنیوں کے ہیں۔ 70ویں بٹالین کے کمانڈنگ افسر کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں انھیں خفیہ جانکاری ملی تھی۔ اب ضبط مال کو آگے کی قانونی کارروائی کے لیے انگریزی بازار پولس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ رواں سال ستمبر ماہ میں ہی سرحد چوکی سکھدیو پور کے علاقے میں جوانوں نے ایک درجن افراد کو تاربندی کے پاس پکڑا تھا۔ ان کے پاس سے 8 پوٹلی ملی تھی جن میں تقریباً 39 لاکھ روپے کے 359 موبائل فون برآمد ہوئے تھے۔ یہ فون بھی الگ الگ کمپنیوں کے تھے۔