ہندوستان کی کچھ بی جے پی حکمراں ریاستوں میں ’بلڈوزر پالیٹکس‘ میں تیزی کے ساتھ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی کے جہانگیر پوری میں جب ایک خاص طبقہ کو ہدف بنا کر بلڈوزر کی کارروائی کی گئی، تو وہاں بھی یہ فیصلہ بی جے پی حکمراں ایم سی ڈی کا ہی تھا۔ جہانگیر پوری میں ہوئی کارروائی کے خلاف اپوزیشن پارٹی لیڈران نے کھل کر آواز اٹھائی ہے۔ 15 کانگریس لیڈروں پر مشتمل نمائندہ وفد 21 اپریل کو جہانگیر پوری میں اس جگہ کا دورہ بھی کرنے والا ہے جہاں بلڈوزر چلایا گیا۔ بی جے پی کی اس بلڈوزر پالیٹکس کے بعد کچھ لوگوں نے ’بی جے پی‘ کو ’بلڈوزر جنتا پارٹی‘ کا نام دے دیا ہے۔
جہانگیر پوری میں جن لوگوں کے مکانوں اور دکانوں پر بلڈوزر چلائے گئے ہیں وہ غریب لوگ ہیں اور اب اپنی حالت پر ماتم کناں نظر آ رہے ہیں۔ اس درمیان تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل کے ریاستی سکریٹری محمد مزمل نے جہانگیر پوری میں ہوئی بلڈوزر کارروائی کے بعد ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے ’’مظلوموں کے آنسو نہیں تھمنے والے۔ جو لہر پیدا ہو رہی ہے آپ اس کو بلڈوز نہیں کر پائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی ٹوئٹ میں انھوں نے عامر عزیز کی مشہور نظم ’سب یاد رکھا جائے گا‘ کا مصرعہ ’تم زمیں پر ظلم لکھو، آسمان پر انقلاب لکھا جائے گا‘ بھی لکھا ہے۔ ٹوئٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی لگائی گئی ہے جس میں بلڈوزر سے تباہ کیے گئے دکان سے سامان سمیٹتی افسردہ خاتون اور ایک چھوٹا بچہ دکھائی دے رہا ہے۔