بہار کی راجدھانی پٹنہ میں 3 جولائی کی صبح بلڈوزر نے کئی غیر قانونی مکانات کو منہدم کر دیا۔ بلڈوزر کی یہ کارروائی پٹنہ کے راجیو نگر علاقہ میں ہوئی جہاں 14 بلڈوزر لگائے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہدامی کارروائی شروع ہوتے ہی مقامی لوگوں نے اس کی مخالفت شروع کر دی اور ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ بلڈوزر کے ساتھ بڑی تعداد میں پولس فورس اور ایڈمنسٹریشن کے افسران بھی پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مکانات منہدم کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاجاً 7 لوگوں نے خود کو آگ کے حوالے کر دیا جس سے وہ بری طرح جھلس گئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق راجیو نگر میں انتظامیہ کے ذریعہ جب بلڈوزر سے غیر قانونی پختہ تعمیرات کو توڑا جا رہا تھا تبھی مشتعل لوگوں نے ٹیم پر حملہ کر دیا۔ اس کے بعد راجیو نگر میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ کافی تعداد میں لوگ سڑک پر اتر آئے اور انتظامیہ کی ٹیم پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ انتظامیہ اور پولس افسران لگاتار لوگوں سے امن بنائے رکھنے کی اپیل کر رہے ہیں، لیکن کشیدگی برقرار ہے۔

غور طلب ہے کہ راجیو نگر میں تقریباً 20 ایکڑ زمین پر بنے مکانات کو بلڈوزر سے توڑا جا رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے 70 مکانات کو طے مدت میں خالی کرنے کی ہدایت دی تھی، لیکن مکان خالی نہیں کیے جانے کے بعد 3 جولائی کو یہ انہدامی کارروائی شروع ہوئی۔ اس کارروائی سے مقامی لوگوں میں شدید غصہ ہے، لیکن انتظامیہ ہر حال میں غیر قانونی تجاوزات ہٹانا چاہتی ہے۔