بُلی بائی ایپ معاملہ میں ممبئی پولس نے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ دہلی پولس نے بھی بُلی بائی معاملے میں کلیدی ملزم نیرج بشنوئی کو 6 جنوری کو آسام سے گرفتار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی پولس نیرج سے کچھ ہی کلومیٹر دور تھی جب دہلی پولس نے اسے پکڑ لیا۔ یعنی اگر دہلی پولس نیرج کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہوتی تو ممبئی پولس کی گرفت سے وہ نہیں بچ پاتا۔

خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبئی پولس نے شویتا سنگھ، وشال کمار جھا اور مینک راول کو گرفتار کر جب ان سے پوچھ تاچھ کی تو نیرج کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔ پھر ممبئی پولس کی ایک ٹیم آسام روانہ ہوئی تاکہ نیرج کی گرفتاری عمل میں آ سکے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولس نے بتایا کہ 2 جنوری کو جس وقت یہ (بُلی بائی) معاملہ درج ہوا تھا اس کے اگلے ہی لمحہ پولس نے ٹوئٹر کو لکھ کر @giyu44 کے بارے میں جانکاری مانگی تھی۔ لیکن ٹوئٹر نے ممبئی پولس کے ساتھ جانکاری شیئر نہیں کی۔ اگر یہ جانکاری صحیح وقت پر مل جاتی تو اہم ملزم کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا ہوتا۔ دراصل @giyu44 ٹوئٹر ہینڈل نیرج بشنوئی ہی چلاتا تھا۔ نیرج جیو (giyu) نامی جاپانی انیمیشن کیریکٹر کا دیوانہ تھا اور سوشل میڈیا پر جیو کی تصویر ہی استعمال کرتا ہے۔ پولس ٹوئٹر افسران کے رابطے میں بھی تھی، لیکن وہاں سے انھیں کچھ مدد نہیں مل سکی تھی۔