ہندوستان میں لڑکیوں کی شادی کے لیے کم از کم عمر 18 سال مقرر ہے۔ اس سے کم عمر میں شادی قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے سزا کا بھی التزام ہے۔ اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کم از کم عمر کی اس حد کو بڑھا کر 21 سال کرنے کو مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ یعنی بہت جلد 21 سال سے کم عمر میں شادی کرنے پر سزا کے التزام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکیوں کی شادی کی عمر 18 سال سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی تجویز کو کابینہ کی منظوری مل گئی ہے اور اس کے لیے حکومت موجودہ قوانین میں ترامیم کرے گی۔ غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست 2020 کو لال قلعہ سے اپنے خطاب میں اس کا تذکرہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ بیٹیوں کو نقص تغذیہ سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی شادی مناسب وقت پر ہو۔

دراصل نیتی آیوگ میں جیہ جیٹلی کی صدارت میں بنے ٹاسک فورس نے شادی کی عمر میں اضافہ کرنے سے متعلق سفارش کی تھی۔ ٹاسک فورس کی تشکیل جون 2020 میں کی گئی تھی۔ گزشتہ سال دسمبر میں ہی اس نے اپنی رپورٹ پیش کر دی۔ ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ پہلے بچے کو جنم دیتے وقت بیٹیوں کی عمر 21 سال ہونی چاہیے۔