کلکتہ گرلس کالج، شعبۂ اردو کے زیر اہتمام مغربی بنگال اردو اکادمی کے مالی تعاون سے دو روزہ قومی سیمینار کا اہتمام 26 مارچ 2022  کو کالج ہال میں کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت محترمہ نزہت زینب (سکریٹری، مغربی بنگال اردو اکادمی) نے کی جبکہ پروفیسر مویتری بھٹاچاریہ (ممبر، گورننگ باڈی) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نظامت کا فریضہ ڈاکٹر نعیم انیس نے ادا کیا۔

خیر مقدمی کلمات میں کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ستیہ اپادھیائے نے مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ترنم ریاض کے حوالے سے کہا کہ وہ اردو ادب کی جینوئن ادیبہ تھیں۔ انہوں نے نسوانی مسائل کو اپنی تحریروں میں بخوبی اجاگر کیا۔ محترمہ نزہت نے اپنی مختصر تقریر میں ترنم ریاض کی ادبی خدمات پر منعقد ہونے والے اس سیمینار پر کلکتہ گرلس کالج بالخصوص شعبہ اردو کے روح رواں ڈاکٹر نعیم انیس کو مبارکباد دی اور اس بات پر اپنی مسرت کا اظہار کیا کہ اردو اکادمی کے مالی تعاون سے کلکتہ میں منعقد ہونے والا یہ پہلا سیمینار ہے۔

ڈاکٹر زین رامش (ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبۂ اردو، ونوبا بھاوے یونیورسٹی) نے کلیدی خطبہ میں ترنم ریاض کے فکر و فن پر مدلل اور پرمغز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی اور ادب میں ہمیشہ ایماندار رہیں۔ وادیٔ کشمیر کے مسائل کو جس خوبی سے انہوں نے اپنی تحریروں میں پیش کیا وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر موتری بھٹاچاریہ نے کہا کہ ترنم ریاض جینیس تھیں اور انہوں نے مرد اساس سماج میں ہمیشہ عورتوں کے مسائل یر گفتگو کی۔