کینسر کے مریضوں کے لیے ایک بڑی راحت کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ راجدھانی دہلی واقع ایل این جے پی اسپتال (لوک نائک جئے پرکاش نارائن اسپتال) میں کینسر کا مفت علاج کرنے کے لیے ایک جدید مشین کا انسٹالیشن ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 کروڑ روپے میں یہ مشین منگوائی گئی ہے جو کینسر کے علاج کے لیے اب تک کی جدید ترین مشین ہے۔ یہ ہائی انڈ انرجی والی لینیر ایکسلریٹر کینسر مشین ہے جو کئی معنوں میں باقی ریڈیشن مشینوں سے بہتر ہے۔
ایل این جے پی اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سریش کمار کا کہنا ہے کہ نومبر میں اس مشین سے علاج کی شروعات ہو جائے گی۔ اس مشین میں ہائی ڈوز دیا جاتا ہے، لیکن بہت کم وقت کے لیے۔ یعنی ہائی ڈوز کی وجہ سے کم وقت میں علاج مکمل ہو جاتا ہے۔ اسپتال کے ایک کینسر اسپیشلسٹ نے بتایا کہ ایمس میں یہ مشین موجود ہے، لیکن ایل این جے پی میں انسٹال مشین اُس سے بھی جدید ترین ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کینسر کے علاج کے لیے انسٹال اس مشین سے متعلق ریگولیٹری اتھارٹی کو خط لکھا گیا ہے۔ وہاں سے اجازت ملنے کے بعد مشین کا استعمال شروع ہو جائے گا۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ اس ایڈوانس ہائی انڈ انرجی سے کینسر کا علاج ان مریضوں کا کیا جاتا ہے جن میں فوسر ریڈیشن کی ضرورت ہوتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس جدید مشین سے پرائیویٹ سنٹر میں علاج کرانے پر 5-7 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے۔