منگل کے روز پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کیپٹن امرندر سنگھ نے بیان دیا تھا کہ وہ اپنا گھر خالی کرنے دہلی پہنچے ہیں اور کسی بھی سیاسی لیڈر سے ملاقات نہیں کریں گے۔ اپنی بات سے پیچھے ہٹتے ہوئے آج (بدھ) شام وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرنے ان کی رہائش پر پہنچ گئے۔ اس دوران کیپٹن امرندر کی امت شاہ سے کیا بات چیت ہوئی، یہ تو واضح نہیں ہے، لیکن تقریباً 45 منٹ کی اس میٹنگ نے کانگریس میں ہلچل مچا دی ہے۔
میڈیا میں آ رہی خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ بہت جلد کیپٹن امرندر اور امت شاہ کی دوبارہ ملاقات ہوگی، پھر وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔ اس طرح کی خبروں کے بعد قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ جلد ہی کیپٹن امرندر کانگریس کو زوردار جھٹکا دیتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
اس درمیان ’آج تک‘ نے ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کیپٹن امرندر اور امت شاہ کے درمیان کسانوں کے زرعی قوانین کو لے کر کچھ اہم باتیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں کیپٹن امرندر نے دھان کی فصل کو لے کر بھی امت شاہ سے بات کی۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ نے جلد ہی سی سی لمٹ پنجاب کے لیے ریلیز کرنے کی گزارش کی ہے تاکہ کسانوں کو ادائیگی کیے جانے میں کوئی دقت پیش نہ آئے اور فصل منڈیوں سے بہ آسانی اٹھ جائے۔