ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی-20 سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 28 جون کی شب کھیلا گیا جس میں ہندوستان کو 4 رنوں سے فتح حاصل ہوئی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے سیریز بھی 0-2 سے جیت لی۔ لیکن دوسرا میچ انتہائی دلچسپ ثابت ہوا کیونکہ ہندوستان نے آئرلینڈ کے سامنے جیت کے لیے 226 رن کا ہدف رکھا تھا، اور اس نے 20 اوور میں 221 رن بنا ڈالے۔ آخری اوور انتہائی اہم اور سانسیں روکنے والا ثابت ہوا۔ یہ اوور جموں ایکسپریس کے نام سے مشہور تیز گیندباز عمران ملک نے ڈالا تھا۔

عمران ملک اپنا صرف دوسرا بین الاقوامی میچ کھیل رہے تھے، ایسے میں انھیں آخری اوور دینا کچھ لوگوں کے لیے حیرت انگیز تھا۔ اس سلسلے میں ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے میچ جیتنے کے بعد اپنا نظریہ سب کے سامنے رکھا۔ ہاردک نے بتایا کہ آخر انھیں عمران ملک پر اتنا بھروسہ کیوں تھا کہ فائنل اوور ڈالنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ وہ کہتے ہیں ’’عمران کے پاس جو رفتار ہے اسے دیکھتے ہوئے 18 رن بنانا بے حد ہی مشکل تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں دیپک ہڈا (جنھوں نے 104 رن بنائے) اور عمران ملک کے لیے خوش ہوں۔‘‘

دراصل آخری اوور میں 17 رن کی ضرورت تھی اور ایسے وقت میں نووارد عمران ملک کو گیندبازی سونپی گئی۔ انھوں نے پہلی تین گیندوں پر 9 رن دے دیے تھے، لیکن آخری تین گیندوں پر محض 3 رن دے کر میچ کے ساتھ ساتھ سبھی کا دل بھی جیت لیا۔