ہندوستانی ٹیم نئے کپتان روہت شرما کی قیادت میں ویسٹ انڈیز سے دوسرا ونڈے جیت کر سیریز پر قابض ہو چکی ہے۔ سیریز میں روہت نے اپنی شاندار کپتانی سے سبھی کو متاثر کیا ہے۔ جیت کے بعد روہت نے کئی معاملوں پر بات کی جس میں انہوں نے رشبھ پنت سے اوپننگ کرانے کی وجہ بھی بتائی۔

غور طلب ہے کہ دوسرے ونڈے میں رشبھ پنت سے اوپننگ کرائے جانے سے سبھی حیران تھے۔ حالانکہ پنت اس موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور کوئی بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے۔ پنت کو سلامی بلے باز کے طور پر بھیجے جانے پر لوگوں کے سوال کا روہت نے جواب دیا کہ ’’مجھے کہا گیا تھا کچھ الگ کرو۔ تو میں نے یہ کر کے دکھا دیا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ رشبھ پنت ہمیشہ اس پوزیشن پر نہیں کھیلیں گے کیونکہ اگلے میچ میں شکھر دھون کی واپسی ہوگی، اس کے بعد سب کچھ پہلے جیسا ہو جائے گا۔

روہت شرما نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم حکمت عملی میں تھوڑا بدلاؤ کرتے ہوئے ایک دو میچ ہار بھی جائیں تو اس میں کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے۔ ہماری کوشش طویل مدتی ہدف کو حاصل کرنا ہے۔ ہم تجربات کر کے دیکھیں گے کہ ونڈے کے لیے کون سا کامبنیشن ٹھیک بیٹھتا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے دوسرے ونڈے میں 237 رنوں کا کم اسکور بنانے کے باوجود بہترین گیندبازی کی بدولت 44 رنوں سے جیت حاصل کر میچ اور سیریز اپنے نام کر لیا ہے۔