سماجوادی پارٹی کی طرف سے ایم ایل سی امیدوار بنائے گئے ڈاکٹر کفیل خان نے ایک دلچسپ ٹوئٹ کیا ہے۔ 6 اپریل کو کیے گئے اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’6 کلومیٹر کی دوری پر 6 بار گاڑی کی تلاشی۔ کہتے ہیں گاڑی پیسوں سے بھری ہے ایسی خبر ہے۔ ملا ہر بار صرف نوراتری کی مٹھائی، افطار کھولنے کے لیے کچھ کھجور اور کتابیں۔ بولے- ڈاکٹر صاحب ایسے کیسے انتخاب جیتیں گے۔ میں بولا- اقتدار کی گھبراہٹ تو یہ پیغام دے رہی ہے ہے کہ میں انتخاب جیت گیا۔‘‘

اس ٹوئٹ کے ذریعہ ڈاکٹر کفیل خان نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنی گاڑی کی ہو رہی چیکنگ سے متعلق ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں کئی پولس اہلکار دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر کفیل خان ویڈیو میں پولس والوں سے ہنسی مذاق بھی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اور ویڈیو کے آخر میں تو پولس والوں کے سامنے گاڑی میں رکھی ہوئی مٹھائی بھی پیش کر رہے ہیں۔

دراصل سماجوادی پارٹی نے کفیل خان کو دیوریا-کشی نگر سے ایم ایل سی امیدوار بنایا ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹر کفیل انتخابی تشہیر زور و شور سے چلا رہے ہیں۔ وہ اپنی جیت کو لے کر پُرامید نظر آ رہے ہیں اور ساتھ ہی پولس کی طرف سے کی جانے والی چیکنگ پر سوال بھی اٹھائے ہیں۔ ڈاکٹر کفیل کا کہنا ہے کہ ’’یوگی حکومت مجھے ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، لیکن علاقے کے ووٹروں کی حمایت میرے ساتھ ہے۔‘‘