اتر پردیش میں پیٹ پیٹ کر ایک صحافی کے قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ پیش آنے کے بعد پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سہارنپور کے ایک مقامی صحافی سدھیر سینی کو کچھ لوگوں نے گاڑی اوور ٹیک کرنے کے معاملے میں اس قدر پیٹا کہ سڑک پر ہی اس کی موت ہو گئی۔
اس سلسلے میں ’آج تک‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی سے سائیڈ لگنے پر ہوئے تنازعہ میں مار پیٹ ہوئی اور سدھیر سینی کی جان چلی گئی۔ واقعہ کے بعد پولس کے اعلیٰ افسران جائے وقوع پر پہنچے اور صحافی کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ رپورٹ کے مطابق چلکانا روڈ پر صحافی سدھیر اپنی موٹر سائیکل سے سہارنپور کی طرف جا رہا تھا۔ راستے میں ایک کار میں سوار تین نوجوانوں کے ساتھ سدھیر کی اوور ٹیک کو لے کر بحث ہو گئی۔ پھر کار سواروں نے سدھیر کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
عینی شاہدین کے ذریعہ بتائے گئے کار کے نمبر سے پولس کو کارروائی میں کافی مدد ملی۔ پولس نے کار کو اپنی گرفت میں لیتے ہوئے دو حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی آکاش تومر نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے نام جہانگیر اور فرمان ہیں۔ ان کے خلاف فاسٹ ٹریک بنیاد پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔