ممبئی کے پنت نگر علاقے میں ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نالے میں نوزائیدہ انسانی بچہ کپڑوں میں لپٹا ہوا تیرتا دیکھا گیا جس کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی خبر لوگوں کو تب لگی جب بلیوں نے بچے کو دیکھ کر تیز تیز آواز لگانی شروع کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جب بلیوں نے چیخ و پکار مچائی تو لوگوں نے نالے کے پاس جا کر دیکھا۔ پھر فوری طور پر مقامی پولس کو اطلاع دی گئی۔ پولس بھی بلاتاخیر وہاں پہنچی اور بحفاظت بچے کو نالے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔
ممبئی پولس نے اس واقعہ کے تعلق سے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر جانکاری دی ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’نوزائیدہ کپڑے میں لپٹا تھا۔ اسے دیکھ کر بلیوں نے آوازیں نکالنی شروع کر دیں۔ اس کے بعد لوگوں کا دھیان نوزائیدہ کی طرف گیا۔ لوگوں نے اسے دیکھتے ہی پولس کو اطلاع دی۔ پولس کی نربھیا اسکواڈ کو فوراً موقع پر بھیجا گیا۔ پولس ٹیم نے بچے کو نالے سے باہر نکالا اور اسے راجاواڑی اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اب نوزائیدہ خطرے سے باہر ہے اور ٹھیک ہو رہا ہے۔‘‘ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی نے اسے کپڑوں میں لپیٹ کر قصداً نالے میں چھوڑا ہوگا۔ فی الحال بچے کے والدین یا ان لوگوں کی شناخت نہیں ہو پائی ہے جنھوں نے اسے نالے میں چھوڑا تھا۔ پولس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔