اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معمہ حل کرنے کے لیے سی بی آئی نے امریکہ سے مدد طلب کی ہے۔ ایک چینل کے توسط سے سی بی آئی نے امریکہ سے رابطہ کیا ہے۔ دراصل سی بی آئی سوشانت کے ای-میل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ ہوئے ڈاٹا کو پھر سے حاصل کرنا چاہتی ہے۔ جانچ ایجنسی اس ڈاٹا کو حاصل کر یہ پتہ لگانے کی کوشش کرے گی کہ 14 جون 2020ء کو خودکشی کے واقعہ کی اصل وجہ کیا رہی ہوگی۔

غور طلب ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے پاس ایم ایل ٹی (میوچوئل لیگل اسسٹنس ٹریٹی) ہے، جس کے تحت دونوں فریق کسی بھی گھریلو جانچ کے تعلق سے اطلاعات حاصل کر سکتے ہیں۔ کیلیفورنیا واقع گوگل اور فیس بُک سے ایم ایل ٹی کے تحت اطلاعات مانگی گئی ہیں۔ ان کا جائزہ لے کر سی بی آئی کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔

واضح رہے کہ ایم ایل ٹی کے توسط سے اس طرح کی جانکاری حاصل کرنے یا شیئر کرنے کے لیے ہندوستان میں وزارت داخلہ سنٹرل اتھارٹی ہے۔ ایسی اطلاعات کو امریکہ میں اٹارنی جنرل کا دفتر شیئر کرتا ہے۔ حالانکہ ایم ایل ٹی کے تحت جانکاری شیئر کرنا ایک طویل مدتی اور وقت طلب عمل ہے۔ اس عمل پر آگے بڑھا جاتا ہے، تو بھی سوشانت کی موت کے معمہ کو حل کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ پھر بھی سوشانت کے چاہنے والے یہی امید کریں گے کہ دیر سے ہی سہی سچ سامنے آئے۔