بارہویں درجہ کے ٹرم-1 بورڈ امتحان میں پوچھے گئے ایک سوال پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ حالانکہ سی بی ایس ای نے فوری طور پر اس سوال کے لیے معافی مانگ لی ہے۔ دراصل بورڈ امتحان کے سوشیولوجی (سماجیات) پیپر میں 2002 کے گجرات فسادات پر پوچھے گئے ایک سوال پر تنازعہ ہوا ہے۔ سوال تھا کہ ’’گجرات میں سال 2002 میں مسلمانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد کس حکومت کے دور میں ہوا؟‘‘ اس کے لیے جو چار متبادل پیش کیے گئے وہ ’کانگریس، بی جے پی، ڈیموکریٹک، اور ریپبلکن‘ تھے۔

امتحان کے کچھ ہی گھنٹوں بعد سی بی ایس ای نے اس سوال پر معافی مانگ لی۔ سی بی ایس ای نے یکم دسمبر کو ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کیا جس میں لکھا ’’آج کی کلاس 12 سوشیولوجی کے ٹرم-1 امتحان میں ایک نامناسب سوال پوچھا گیا، جو سوال تیار کرنے کے لیے ایکسٹرنل سبجیکٹ ایکسپرٹ کے لیے سی بی ایس ای گائیڈلائنس کی خلاف ورزی ہے۔ سی بی ایس ای نے اس غلطی کا اعتراف کیا ہے اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘

ایک دیگر ٹوئٹ میں سی بی ایس ای نے لکھا ’’پیپر سیٹ کرنے والوں کے لیے سی بی ایس ای گائیڈلائنس واضح ہے کہ انھیں یہ یقینی کرنا ہوگا کہ سوال صرف اکیڈمک ہونے چاہئیں اور طبقہ، مذہب کو لے کر نیوٹرل ہونے چاہئیں۔ انھیں اُن پہلوؤں کو نہیں چھونا چاہیے جو سماجی اور سیاسی متبادل کی بنیاد پر لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔‘‘