بین الاقوامی کرکٹ میں مانکڈنگ آؤٹ، لار کے استعمال، وائڈ بال اور ڈیڈ بال کے قوانین میں ترمیم کر دی گئی ہے۔ میلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے ذریعہ کرکٹ کے اصولوں میں کی گئیں یہ ترامیم اسی سال اکتوبر سے نافذ ہو جائیں گی۔ نئی ترمیم  میں مانکڈنگ کو رن آؤٹ اعلان کر دیا گیا ہے۔ کرکٹ قوانین میں ہوئی ان تبدیلیوں پر کھلاڑیوں کا رد عمل بھی سامنے آنے لگا ہے۔ لیجنڈ سچن تندولکر نے بھی اس معاملے پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

سچن نے ایم سی سی کے ذریعہ کرکٹ اصولوں میں کی گئی تبدیلیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کچھ قوانین کی حمایت کرتا ہوں۔ ان میں پہلا مانکڈنگ آؤٹ اصول ہے۔ میں شروع سے مانکڈ لفظ کے استعمال پر آرام دہ محسوس نہیں کرتا۔ مجھے خوشی ہے کہ اب اسے رن آؤٹ میں بدل دیا گیا ہے۔ سچن نے جس دوسرے بدلاؤ پر خوشی ظاہر کی ہے وہ بلے باز کے کیچ آؤٹ ہونے سے جڑا ہے۔ اس کے تحت اب کوئی نیا بلے باز آئے گا تو وہ اسٹرائک پر ہی آئے گا اور بال کا سامنا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل صحیح ہے کہ گیندباز جب کوئی وکٹ لیتا ہے تو اسے نئے بلے باز کو گیند ڈالنے کا موقع ملنا چاہیے۔

سچن تندولکر نے کرکٹ کے اصولوں میں تبدیلی کو صحیح قرار دیتے ہوئے ایم سی سی کی تعریف کی ہے۔ نئے اصولوں کا ٹرائل انگلینڈ میں ’دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ‘ میں ہو چکا ہے۔