کئی مرتبہ گائے، بکری یا پھر دیگر جانوروں کے جسم پر اللہ یا محمد لکھا ہوا پایا گیا ہے۔ جانوروں کے جسم پر دھاریاں یا نشانات کچھ اس طرح رہتے ہیں جس سے اللہ یا محمد لکھے ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ ان دنوں اتر پردیش میں ایک نایاب مچھلی خوب سرخیوں میں ہے جس کے پیٹ پر ایک طرف اللہ اور دوسری طرف محمد لکھا ہوا ہے۔ بلند شہر میں ایک ہندو کاروباری انکر سنگھل کے یہاں یہ مچھلی ہے جس کی لوگ لاکھوں روپے قیمت لگا رہے ہیں۔ حالانکہ انکر اسے کسی بھی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر یہ مچھلی ’شبھ‘ (فائدہ پہنچانے والی) ہے تو پھر میرے ہی پاس رہنی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مچھلی آسکر نسل کی ہے جس پر اردو رسم الخط میں اللہ اور محمد لکھا ہوا ہے۔ انکر کا کہنا ہے کہ یہ نشان پہلے چھوٹے اور دھندلے تھے، لیکن جیسے جیسے مچھلی بڑی ہوتی گئی نشان واضح ہوتے چلے گئے۔ انکر نے یہ بھی بتایا کہ اسے کچھ دن پہلے ہی پتہ چلا کہ مچھلی کے پیٹ پر اللہ اور محمد لکھا ہوا ہے۔ دراصل انکر کے یہاں کوئی مسلم کاریگر آیا تھا جس نے یہ انکشاف کیا۔ پھر یہ خبر چاروں طرف پھیل گئی اور اسے دیکھنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی۔ انکر شنگھل کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے اس مچھلی کی قیمت 3 لاکھ روپے تک لگائی ہے، لیکن میں فروخت نہیں کرنا چاہتا۔