ہندوستان کی معیشت اس وقت خستہ حال ہے۔ اس کی بہتری کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے لگاتار کوششیں ہو رہی ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں معیشت کی بدحالی کے لیے مرکز کی عوام مخالف پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہراتی رہی ہیں۔ اس درمیان مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک نئی ترکیب پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ گئو نسل، گائے کے گوبر اور گئوموتر (گائے کا پیشاب) سے ملک کی معیشت کو مضبوطی دی جا سکتی ہے۔
یہ بیان شیوراج چوہان نے 13 نومبر کو بھوپال میں انڈین ویٹنری ایسو سی ایشن کی خاتون وِنگ سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ماہرین کو سنجیدگی سے تحقیق کرنی چاہیے کہ چھوٹے کسانوں اور مویشی پروروں کے لیے گئو پروری فائدے کا کاروبار کس طرح بنے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں گائے کے گوبر اور پیشاب سے ہونے والے فوائد کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس سے جراثیم کش، کھاد اور بہت کچھ بنایا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے اپنی باتوں کو سنجیدہ انداز میں رکھتے ہوئے کہا کہ ’’ہم یہ پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت نے مویشی فارم اور گئوشالہ کی تعمیر کی ہے، لیکن جب تک لوگ آگے نہیں آئیں گے تب تک یہ مددگار نہیں ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ جب خواتین گایوں اور بیلوں کی دیکھ بھال کے لیے آگے آئیں گی تو کامیابی یقینی ہے۔