موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ذریعہ ایسے کام بھی بہ آسانی ہو جاتے ہیں جو بہت بھاگ دوڑ اور سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بعد بھی نہیں ہو پاتے۔ اس کی تازہ مثال نقوش فاطمہ کا نومبر ماہ کے آخری عشرے میں کیا گیا وہ ٹوئٹ ہے جس میں وہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اپنے کچھ مطالبات کو لے کر مودبانہ گزارش کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔

دراصل نقوش فاطمہ کی آئندہ 7 دسمبر کو شادی ہے۔ وہ پریاگ راج کے دھومن گنج علاقے میں رہتی ہیں جہاں سڑک کی حالت خستہ ہے اور جگہ جگہ گندگی بھی پھیلی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں نقوش نے ایک ٹوئٹ وزیر اعلیٰ یوگی کو ٹیگ کرتے ہوئے کیا۔ اس ٹوئٹ میں شادی کا دعوت نامہ، خستہ حال سڑک کی تصویر اور ایک خط کا عکس تھا۔ خط میں لکھا تھا ’’عزت مآب وزیر اعلیٰ جی۔ 7 دسمبر کو میری شادی ہے جس میں آپ بصد خلوص مدعو ہیں۔ برائے کرم میرے محلے کی سڑک بنوا دیجیے جس میں آپ کو اور میرے مہمانوں کو آنے میں کوئی دقت نہ ہو۔‘‘

نقوش کے اس ٹوئٹ پر وزیر اعلیٰ یوگی نے ’سپر ایکشن‘ لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نہ صرف علاقہ کی صاف صفائی ہو رہی ہے، بلکہ سڑک کی تعمیر بھی جاری ہے۔ یہ سب دیکھ کر نقوش اور آس پاس کے لوگ بہت خوش ہیں۔ اب نقوش کی شادی میں وزیر اعلیٰ پہنچیں یا نہ پہنچیں، باراتیوں کو دلہن کے گھر پہنچنے میں دقت نہیں ہوگی۔