اتر پردیش کے ضلع کانپور میں آر ایس ایس کارکنان اور کرکٹ کھیلنے والے بچوں کے درمیان تصادم کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ نوبستہ واقع بالاجی پارک میں پیش آیا جہاں بروز سنیچر کرکٹ کھیل رہے بچوں کی گیند آر ایس ایس کارکنان کے اس گروپ کی طرف چلی گئی جو پارک میں ہی شاکھا چلا رہے تھے۔ اس سے ناراض آر ایس ایس کارکنان نے بچوں کو میدان میں دوڑا دوڑا کر لاٹھی-ڈنڈوں سے پیٹا۔
واقعہ کے تعلق سے جوہی بارادیوی باشندہ انوراگ پال نے بتایا کہ وہ انٹرمیڈیٹ کا طالب علم ہے اور قدوائی نگر ’کے بلاک‘ میں کوچنگ پڑھنے جاتا ہے۔ ایک کوچنگ پڑھنے کے بعد دوسری کوچنگ کے درمیان نصف گھنٹے کا وقفہ رہتا ہے اور اسی دوران وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بالاجی پارک میں کرکٹ کھیلنے لگا۔ پارک میں ہی آر ایس ایس کی شاکھا بھی چل رہی تھی۔ میچ کے دوران گیند آر ایس ایس کی شاکھا کی طرف چلی گئی۔ اس سے ناراض ان لوگوں نے گالی گلوچ شروع کر دی۔ طلبا نے اس پر اعتراض کیا تو وہاں موجود 25-20 لوگوں نے لاٹھی-ڈنڈوں سے ان کی پٹائی کر دی۔ حملے میں انوراگ پال، آرین راجاوت اور آرین گپتا کا سر پھٹ گیا۔
طلبا نے اس تعلق سے پولس کو جانکاری دی، لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے حملہ آور فرار ہو گئے۔ متاثرہ طلبا نے تھانہ میں تحریر دے دی ہے۔ تھوڑی دیر بعد آر ایس ایس کے لوگ بھی تھانے پہنچے اور طلبا کے خلاف تحریر دی۔ مقدمہ درج کر کارروائی شروع ہو گئی ہے۔