چین اور پاکستان کی کسی بھی ناپاک حرکت کا منھ توڑ جواب دینے کے لیے ہندوستان ہمیشہ تیار رہتا ہے۔ ہندوستانی فوج کی مضبوطی کا لوہا ہر ملک مانتا ہے۔ اس درمیان ایک امریکی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے پاس بڑا نیوکلیائی ذخیرہ موجود ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستان کے پاس ان کے مقابلے نیوکلیائی اسلحے کم ہیں۔
امریکی رپورٹ کے حوالے سے ایک خبر ’نیوز 18‘ پر شائع ہوئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ چین، پاکستان اور ہندوستان تینوں ہی اس وقت بیلسٹک، کروز، نیوکلیائی میزائل پر کام کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت نے کبھی آفیشیل طور پر نہیں بتایا کہ اس کے پاس کتنا نیوکلیائی ذخیرہ ہے۔ پھر بھی اندازہ ہے کہ پاکستان کے پاس تقریباً 165 نیوکلیائی اسلحے ہو سکتے ہیں۔
ایک ڈاٹا کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کی بڑھتی فوجی صلاحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان نے نیوکلیائی اسلحوں کی تعداد سے متعلق حد کو توڑا ہے۔ علاوہ ازیں امریکی افسران کے ذریعہ ایک سال قبل لگائے گئے اندازے سے کہیں زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ چین اپنے نیوکلیائی اسلحے بڑھا رہا ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ 6 سالوں میں چین کے پاس 700 سے زیادہ نیوکلیائی اسلحے ہوں گے۔ ابھی چین کے پاس 356 نیوکلیائی اسلحے ہونے کا اندازہ ہے۔ جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے، اس کے پاس 156 نیوکلیائی اسلحہ ہونے کی بات کہی گئی ہے۔