مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مہاراشٹر دورہ کے دوران ایک تنازعہ میں پھنس گئی ہیں۔ انھوں نے پریس کانفرنس کے دوران جب قومی ترانہ ’جن گن من‘ پڑھا تو اسے ادھورا چھوڑ دیا۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے بیٹھ کر ہی قومی ترانہ پڑھنا شروع کر دیا، لیکن کچھ ہی دیر میں کھڑی ہو گئیں۔ بی جے پی لیڈروں نے ممتا کے اس عمل کو قومی ترانہ کی بے حرمتی ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے ممبئی پولس میں شکایت بھی درج کرا دی ہے۔
ممتا کا ممبئی میں پروگرام کافی مصروف رہا۔ انھوں نے این سی پی لیڈر شرد پوار، شیوسینا لیڈر سنجے راؤت اور آدتیہ ٹھاکرے سمیت سول سوسائٹی کے کئی اہم لوگوں سے ملاقات کی۔ انھوں نے ممبئی میں ہی ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ اسی دوران ممتا نے قومی تَرانہ کا کچھ حصہ پڑھا اور پھر پریس کانفرنس کرنے لگیں۔ کئی لوگوں نے ان کے اس رویہ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
بی جے پی آئی ٹی سیل سربراہ امت مالویہ نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’ہمارا قومی تَرانہ ہماری قومی شناخت کے سب سے طاقتور ذرائع میں سے ایک ہے۔ کم از کم عوامی عہدہ پر فائز لوگ اسے نیچا نہیں دکھا سکتے۔ یہاں بنگال کی وزیر اعلیٰ کے ذریعہ گائے ہمارے قومی ترانہ کی ایک مخدوش شکل ہے۔ کیا ہندوستان کا اپوزیشن اس قدر حب الوطنی سے عاری ہے؟‘‘ کچھ لیڈروں نے یہ سوال بھی کیا کہ کیا ممتا کو قومی ترانہ کے وقار کا علم نہیں۔