شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام اتر پردیش اردو اکادمی کے انعام یافتہ وابستگان جامعہ کے اعزاز میں تہنیتی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ یوپی اردو اکادمی نے 2020 کے لیے شعبۂ اردو، جامعہ سے وابستہ ممتاز فکشن نگار پروفیسر خالد جاوید کو فکشن ایوارڈ (ایک لاکھ روپے)، پی.اے.، وائس چانسلر، جامعہ ڈاکٹر اے. نصیب خاں کو ترجمہ ایوارڈ (ایک لاکھ روپے)، اور شعبۂ اردو، جامعہ کے سابق استاذ، بزرگ ادیب پروفیسر خالد محمود کو ان کی کتاب ’نقوش معنی‘ پر 25000 روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر انعام یافتگان کی خدمت میں گلدستے پیش کیے گئے۔ صدارتی کلمات میں صدر شعبہ پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ ’’حق بہ حقدار رسید کا محاورہ ان تینوں انعام یافتگان پر صادق آتا ہے۔‘‘ مہمان خصوصی ڈین فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسر محمد اسدالدین نے ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہوئے دلی خوشی کا اظہار کیا۔

پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر احمد محفوظ، ڈاکٹر خان فاروق، ڈاکٹر عمران احمد عندلیب، ڈاکٹرسرورالہدیٰ اور ڈاکٹر خالد مبشر نے تہنیتی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی علمی، تحقیقی، تنقیدی اور تخلیقی روایت مستحکم رہی ہے اور اس کا اعتراف علمی دنیا میں ہمیشہ سے کیا جاتا رہا ہے۔ یہ انعامات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جلسے کی نظامت کے فرائض پروفیسر کوثر مظہری نے انجام دیے۔ پروگرام میں پروفیسر عبدالرشید، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر آفتاب احمد منیری وغیرہ بھی شریک ہوئے۔