مہاراشٹر میں کانگریس جنرل سکریٹری آشیش دیشمکھ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے ریاست میں سیاسی ہلچل بڑھا دی ہے۔ ویڈیو میں وہ ضلع پریشد الیکشن کے پیش نظر بی جے پی امیدوار کے لیے ووٹ مانگتے نظر آئے ہیں۔ آشیش کی کچھ تصویریں بھی سامنے آئی ہیں جن میں وہ بی جے پی کے پروگرام میں بیٹھے دکھائی دیے ہیں۔ اس تعلق سے مہاراشٹر کانگریس حیرت میں ہے اور فوراً ہی جانچ کرانے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ کانگریس کی ڈسپلنری کمیٹی کا کہنا ہے کہ جانچ کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔
غور طلب ہے کہ آشیش دیشمکھ پہلے بی جے پی میں ہی تھے اور ناگپور کی کٹول سیٹ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ پھر بعد میں کسی نااتفاقی کی وجہ سے پارٹی چھوڑ کر کانگریس کا دامن تھام لیا۔ انھوں نے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے خلاف انتخاب بھی لڑا، لیکن شکست ہاتھ لگی۔ اب ایسی باتیں ہو رہی ہیں کہ وہ کبھی بھی دوبارہ بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ویڈیو بی جے پی امیدوار کی ایک میٹنگ کی ہے جو انتخابی لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے رکھی گئی تھی۔ اسی میٹنگ میں آشیش دیشمکھ بھی پہنچے اور لوگوں سے بی جے پی امیدوار کو ووٹ دینے کی گزارش کی۔ اب کانگریس ڈسپلنری کمیٹی سربراہ چندرکانت ہنڈورے کا کہنا ہے کہ ’’اس معاملے کو پارٹی نے سنجیدگی سے لیا ہے اور جانچ کے بعد ہی کوئی مناسب کارروائی ہوگی۔‘‘