مہاراشٹر میں شیوسینا اور کانگریس کے ساتھ ریاستی حکومت کا حصہ بننے والی پارٹی این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) کے سربراہ شرد پوار نے کانگریس کے تعلق سے ایک ایسا بیان دیا ہے جس پر بی جے پی بہت خوش نظر آ رہی ہے۔ شرد پوار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’کانگریس اس کمزور زمیندار کی طرح ہے جو اب اپنی حویلی نہیں سنبھال سکتا۔‘‘ اس تبصرہ پر مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈر دیویندر فڑنویس نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’شرد پوار نے کانگریس کو آئینہ دکھایا ہے۔‘‘

دراصل شرد پوار نے ایک مراٹھی نیوز پورٹل سے بات چیت کے دوران کانگریس کے تعلق سے یہ بیان دیا۔ انھوں نے گفتگو کے دوران کانگریس کا موازنہ اتر پردیش کے ایک زمیندار سے کرتے ہوئے کہا کہ ’’یو پی میں ایک زمیندار کے پاس کبھی بہت زمین اور ایک حویلی تھی۔ پھر اس نے زیادہ تر زمین گنوا دی۔ حویلی کھڑی ہے، لیکن وہ اس کی مرمت نہیں کرا سکتا۔ وہ کہتا ہے کہ وہ ساری زمین میری تھی، لیکن یہ ماضی کی بات ہے۔‘‘

پوار نے نیوز پورٹل سے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ ’’ہم مانتے ہیں کہ ایک وقت تھا جب کشمیر سے کنیاکماری تک کانگریس کی موجودگی تھی، لیکن اب وہ حالت نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ قیادت کے ایشو پر کانگریس کے لیڈر بہت حساس ہیں اور کسی بھی مشورے کو ماننے کے لیے تیار نظر نہیں آتے۔