500 اور 2000 کے نوٹ پر چھپنے والی گاندھی جی کی تصویر پر کانگریس رکن اسمبلی بھرت سنگھ نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ان نوٹوں سے مہاتما گاندھی کی تصویر ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے۔ راجستھان کے سانگود سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر بھرت سنگھ کا خط میں کہنا ہے کہ ’’مہاتما گاندھی سچائی کی علامت ہیں، لیکن بڑے نوٹوں کا جس طرح رشوت میں استعمال ہوتا ہے اس سے باپو کی بے عزتی ہوتی ہے۔‘‘ انھوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ 500 اور 2000 کے نوٹ سے گاندھی جی کی تصویر ہٹا کر ان کے چشمہ یا پھر اشوک چکر کی تصویر لگائی جائے۔

بھرت سنگھ نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ راجستھان میں جنوری 2019 سے 31 دسمبر 2020 تک بدعنوانی کے 616 ٹریپ معاملے درج کیے گئے۔ یعنی اوسطاً 2 معاملے روزانہ ٹریپ ہوئے۔ ان معاملوں میں بطور رشوت 500 اور 2000 کے نوٹ کا استعمال ظاہر ہوا۔ ان نوٹوں پر گاندھی جی کی تصویر ہوتی ہے، یعنی ان کی عزت افزائی کی جگہ لوگ بے عزتی کرتے ہیں۔ بھرت سنگھ نے خط میں لکھا ہے کہ گاندھی جی کی تصویر 5، 10، 20، 50، 100 اور 200 کے نوٹوں پر چھاپی جائے، کیونکہ ان کا استعمال رشوت میں نہیں ہوتا۔ کانگریس رکن اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ 500 اور 2000 کے نوٹوں کا استعمال شراب خانوں میں بھی ہوتا ہے جو باپو کی بے عزتی ہے۔