سال 2001 میں ریلیز ہوئی تاریخی فلم ’غدر‘ کی سیکویل ’غدر-2‘ کی شوٹنگ شروع ہوئے ابھی 10 دن ہی ہوئے تھے کہ فلم تنازعہ میں پھنس گئی ہے۔ دراصل فلم کی شوٹنگ جس گھر میں چل رہی تھی اس کے مکان مالک نے فلمساز پر شوٹنگ کے لیے مقرر جگہ سے زیادہ استعمال کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
مکان مالک کا کہنا ہے کہ ان سے فلم کی شوٹنگ کے لیے 3 کمرے اور ایک ہال کے استعمال کی بات ہوئی تھی۔ اس کے لیے انہیں روزانہ 11000 روپے دینے کی بات طے ہوئی تھی۔ لیکن شوٹنگ کے دوران فلم میں ان کے پورے گھر کا اور دو کنال زمین کے ساتھ-ساتھ ان کے بڑے بھائی کے گھر کا بھی استعمال کر لیا گیا۔ اب مکان مالک نے نقصان سمیت 56 لاکھ روپے کا بل فلم میکرس کو دیا جس پر تنازعہ ہو گیا۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ میکرس کے ساتھ جو طے ہوا تھا اس پر وہ کاربند نہیں رہے۔ اب ہم کمپنی کے ذریعہ دیے گئے 11000 روپے لوٹانا چاہتے ہیں۔ گھر والوں نے یہ بھی گزارش کی کہ ان کے گھر میں ہوئی شوٹنگ فلم میں استعمال نہ کیا جائے۔
غور طلب ہے کہ ’غدر-2‘ میں ایک بار پھر سنی دیول اور امیشا پٹیل کی جوڑی نظر آئے گی۔ کانگڑا کے پالم پور واقع بھلیڈ گاؤں میں 10 دنوں کی شوٹنگ بھی ہوئی، لیکن پھر تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ اس مسئلہ کا کیا حل نکلتا ہے۔