بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ اس بات کا اندیشہ تو اسی وقت سے ظاہر کیا جا رہا تھا جب پٹنہ میں وزیر اعلیٰ رہائش کے تقریباً 32 اسٹاف کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔ تیاری کی جا رہی تھی کہ نتیش کمار کو دوسری جگہ منتقل کیا جائے، لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لاکھ احتیاط کے بعد بھی وہ کورونا کی زد میں آ گئے۔ اب ڈاکٹروں کے مشورے سے نتیش کمار نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔ یہ جانکاری وزیر اعلیٰ دفتر کے ٹوئٹر ہینڈل سے دی گئی ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سبھی کووڈ ضابطہ پر عمل کریں۔
بہار کے سیاسی گلیارے میں اس وقت کورونا عروج پر نظر آ رہا ہے۔ برسراقتدار طبقہ اور اپوزیشن پارٹیوں کے کئی لیڈران گزشتہ کچھ دنوں میں کورونا پازیٹو ہوئے ہیں۔ نتیش کابینہ میں شامل کئی وزراء بھی اس وائرس سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دو دن قبل وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار بھی کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔
کورونا نے جھارکھنڈ اور راجستھان کے وزرائے اعلیٰ کی رہائش پر بھی اپنا قہر برپا کر رکھا ہے۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی بیوی، دو بچے اور سالی کورونا پازیٹو ہیں۔ 16 اسٹاف بھی اس انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور ان کے بیٹے پر بھی کورونا کا حملہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ دفتر کے 27 ملازمین میں کورونا انفیکشن کی خبر ملی ہے۔