پورے ہندوستان میں ان دنوں کورونا کی تیسری لہر کا زبردست اثر دیکھا جا رہا ہے۔ ایسے میں کھیلوں پر بھی اس کا اثر پڑنا لازمی تھا۔ وبا کی وجہ سے رنجی ٹرافی اور سی کے نائیڈو جیسے ٹورنامنٹ پہلے ہی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اب کورونا کا خطرہ آئی پی ایل پر بھی منڈلانے لگا ہے۔ کورونا کے تیزی سے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں آئی پی ایل ہونے کا امکان کم نظر آ رہا ہے۔ اس صورت حال سے نپٹنے کے لیے بی سی سی آئی نے پچھلے دو سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی ’پلان بی‘ پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کا نام سامنے آ رہا ہے جہاں آئی پی ایل-2022 کا انعقاد ہو سکتا ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک افسر نے اس سلسلے میں ’انڈین ایکسپریس‘ کو بتایا کہ ’’ہم ہر وقت متحدہ عرب امارات پر منحصر نہیں رہ سکتے ہیں۔ اس لیے ہم نے زیادہ متبادل تلاش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ پچھلے دو سیزن میں کورونا کی وجہ سے انڈین پریمیر لیگ کو دبئی منتقل کرنا پڑا تھا۔
آئی پی ایل-2022 کی میزبانی کے لیے جنوبی افریقہ سب سے زیادہ مضبوط دعویدار ملک ہے کیونکہ وہاں 2009 میں اس کا انعقاد ہو چکا ہے۔ ساتھ ہی کچھ دنوں پہلے جنوبی افریقہ دورے سے لوٹی ہندوستان-اے ٹیم نے بھی وہاں کے حالات اور انتظامات کے سلسلے میں بی سی سی آئی کو مثبت فیڈ بیک دیا ہے۔