کورونا کے خلاف جاری جنگ میں سائنسدانوں کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ ممبئی واقع فارما کمپنی گلین مارک نے کووڈ-19 متاثرین کے علاج کے لیے ’نائٹرک آکسائیڈ نیزل اسپرے‘ (ناک میں چھڑکاؤ کرنے والی دوا) لانچ کیا ہے جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ کورونا وائرس کے خلاف 99 فیصد کارگر ثابت ہو سکتی ہے۔ کناڈا کی دوا کمپنی ’سینوٹائز‘ کے ساتھ شراکت داری کر ’فیبی اسپرے‘ کمپنی کے ذریعہ لانچ اس اسپرے کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ پہلے ہی ڈرگز کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی جی سی آئی) سے نائٹرک آکسائیڈ نیزل اسپرے کی مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ کی منظوری مل چکی تھی۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کووڈ-19 مریضوں کے علاج میں اس نیزل اسپرے سے خاصہ مدد مل سکتی ہے۔ اس کے اثرات کو جاننے کے لیے ملک کے 20 کلینیکل سائٹوں پر تیسرے مرحلہ کی ٹیسٹنگ کی گئی۔ اس کے تحت 306 مریضوں کو نیزل اسپرے دے کر اس کے اثرات اور تحفظ کا جائزہ لیا گیا۔ محققین نے اخذ کیا کہ یہ بہت ہی اثردار طریقے سے وائرس کو غیر فعال کرنے میں مدد کرتا ہے۔ امریکہ کی یوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق کے مطابق اس نیزل اسپرے کی مدد سے 2 منٹ کے اندر الفا، بیٹا، گاما، ڈیلٹا اور اپسیلان جیسے ویریئنٹ کو 99.9 فیصد تک غیر فعال کیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی وقت پر اس کا استعمال کر کے مرض کو بڑھنے، خصوصاً پھیپھڑوں میں انفیکشن جیسی سنگین حالت کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔