’’والدین، بچے، اساتذہ اور ملازمین سب ہی اس معاشرے کا حصہ ہیں۔ اس لیے پورے معاشرے میں تعلیم اور صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہمارے بنیادی مقاصد میں شامل ہونا چاہیے۔‘‘ یہ بیان حافظ محمد ابراہیم انٹر کالج (نہٹور، ضلع بجنور، اتر پردیش) میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی غزال مہدی نے دی۔ دراصل ’صحت ہے تو زندگی میں خوشی ہے اور احتیاط علاج سے بہتر ہے‘ اور ’بچوں کی تعلیم میں والدین کا کردار‘ عنوان سے  15 مارچ 2022 کو حافظ محمد ابراہیم انٹر کالج میں ایک جلسہ منعقد ہوا تھا۔

اس موقع پر غزال مہدی نے صحت مہم سے متعلق اہم جانکاری دی اور پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں میڈیکل کیمپس لگانا، صحت سے متعلق لیکچرز کا اہتمام کرنا، گٹکا کھینی چبانے، سگریٹ نوشی، شراب نوشی اور دیگر مضر عادات کے خلاف بیداری مہم شروع کرنا، شوگر (ذیابیطس) بیداری مراکز کا قیام، لوگوں کو صحت سے متعلق سرکاری اسکیموں کے بارے میں آگاہ کرنا اور ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں میں مدد کرنا، وغیرہ شامل ہیں۔

اس موقع پر کالج کے پرنسپل بلال زیدی نے مہمان خصوصی اور اجلاس میں شریک تمام طلبا، ان کے والدین، اساتذہ، خواتین اور دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا اور والدین سے درخواست کی کہ طلباء کے معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لیے اساتذہ کی کوششوں میں وہ اپنا پورا تعاون دیں اور صحت بیداری مہم میں شامل ہوں۔ سینئر استاد جناب علیم احمد نے اجلاس سے خطاب کیا اور جناب نوشاد احمد نے نظامت کی۔