ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں بھلے ہی بہار کی نمائندگی اب تک بہت کم دیکھنے کو ملی ہے، لیکن بہار میں ہونہار کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے۔ تازہ نام ثاقب الغنی کا سامنے آیا ہے جنھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے اب تک دنیا کا ہر کرکٹر محروم رہا ہے۔ موتیہاری کے 22 سالہ ثاقب الغنی نے کولکاتا میں کھیلے جا رہے رنجی ٹرافی مقابلے میں میزورم کے خلاف اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلتے ہوئے ٹریپل سنچری بنا ڈالی۔ ثاقب نے 387 گیندوں پر 50 چوکوں کی مدد سے اپنی یہ ٹریپل سنچری مکمل کی۔ وہ 341 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر ثاقب نے 405 گیندیں کھیلیں اور 56 چوکے و 2 چھکے لگائے۔

غور طلب ہے کہ ثاقب الغنی سے پہلے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اجے روہرا کے نام تھا۔ انھوں نے 19-2018 کے رنجی سیزن میں مدھیہ پردیش کے لیے کھیلتے ہوئے حیدر آباد کے خلاف ناٹ آؤٹ 267 رن بنائے تھے۔ علاوہ ازیں فرسٹ کلاس ڈیبیو میں امول مجومدار (260 رن) اور باہر شاہ (ناٹ آؤٹ 256 رن) نے بھی 250 سے زیادہ رن بنائے تھے۔

ثاقب الغنی نے اس سے قبل 14 لسٹ-اے اور 11 ٹی-20 مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ لسٹ-اے مقابلوں میں انھوں نے اب تک 31.41 کی اوسط سے 337 رن بنائے ہیں جن میں ایک-ایک سنچری اور نصف سنچری شامل ہیں۔ ٹی-20 مقابلوں میں ان کے نام 27.42 کی اوسط سے 192 رن درج ہیں۔