ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مضبوط رکن رویندر جڈیجہ نے اپنی بیوی ریوابا جڈیجہ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کچھ ایسا لکھا ہے جسے دیکھ کر ریوابا یقیناً بے حد خوش ہوئی ہوں گی۔ حالانکہ آر ایس ایس مخالفین کے لیے رویندر جڈیجہ کا یہ ٹوئٹ ناگوار گزرنے والا ہے۔ دراصل گجرات اسمبلی انتخاب میں جام نگر نارتھ سیٹ سے کامیابی حاصل کرنے والی بی جے پی امیدوار ریوابا جڈیجہ نے ایک صحافی کے سوال پر ہندوتوا کی علمبردار تنظیم آر ایس ایس سے متعلق اپنا نظریہ بیان کیا تھا۔ اسی کی ویڈیو رویندر جڈیجہ نے 26 دسمبر کو ٹوئٹ کی ہے۔

شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریوابا سے صحافی پوچھتا ہے ’’آپ آر ایس ایس کے بارے میں کیا جانتی ہیں؟‘‘ جواب میں ریوابا کہتی ہیں ’’آر ایس ایس دراصل بی جے پی کی بنیاد (پوائنٹ آف آریجن) ہے۔ آر ایس ایس دنیا کا سب سے بڑا خود مختار ادارہ ہے۔ قومیت، وطن پرستی، حب الوطنی، تنظیم، اتحاد، قربانی، سب کو ساتھ لے کر چلنے والا ادارہ ہے آر ایس ایس۔‘‘ ریوابا کا یہ جواب سن کر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھتا ہے۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے رویندر جڈیجہ نے لکھا ہے ’’آر ایس ایس کے بارے میں آپ کا علم دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ ایک ایسی تنظیم جو ہندوستانی ثقافت اور ہمارے سماجی اقدار کو برقرار رکھنے کے اصولوں کو فروغ دیتی ہے۔ آپ کا علم اور سخت محنت ہی آپ کو (دوسروں سے) الگ کرتا ہے۔ اسے برقرار رکھیں۔‘‘