گزشتہ کچھ مہینے سے ہندوستانی انڈر-19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انمکت چند کافی سرخیوں میں ہیں۔ پہلے تو وہ اس لیے سرخیوں میں رہے کہ ہندوستان کو الوداع کہہ کر امریکہ کو اپنا وطن بنایا اور کرکٹ کا سفر آگے بڑھایا، پھر وہ اپنی بہترین بلے بازی کی وجہ سے لگاتار سرخیوں میں رہے۔ اب انمکت نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی ’مائنر لیگ کرکٹ چمپئن شپ‘ میں اپنی ٹیم کو چمپئن بنا دیا۔

انمکت چند نے ہندوستان کے لیے کھیلتے ہوئے بھی کئی اچھی پاریاں کھیلی تھیں، لیکن امریکہ میں تو جیسے وہ چھا گئے ہیں۔ اتوار کو کھیلے گئے ’مائنر لیگ کرکٹ چمپئن شپ‘ کے فائنل مقابلے میں سلیکان ویلی اسٹرائیکرس نے نیو جرسی اسٹالینس کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ سلیکان ویلی اسٹرائیکرس کے کپتان انمکت ہی ہیں، اور انھوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مائنر لیگ کرکٹ چمپئن شپ فاتح بننے پر سلیکان ویلی کو 125000 ڈالر کی انعامی رقم ملی جو کہ امریکی کرکٹ تاریخ میں کسی بھی لیگ کی سب سے بڑی رقم ہے۔

انمکت نے سلیکان ویلی کو چمپئن بنانے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے کچھ تصویریں شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’پہلے جس مقام پر تھا، وہاں پہنچ کر اچھا لگا ہے۔ یہاں سے اب رکاوٹ نہیں ہے۔ چمپئن شپ جیت گئے۔‘‘ یہاں قابل ذکر ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں انمکت نے 69 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 132 رنوں کی دھواں دھار اننگ بھی کھیلی تھی۔