اب اگر روس میں کسی نے فوج اور سیکورٹی کی تنقید کی تو اسے غیر ملکی ایجنٹ تصور کیا جائے گا۔ ایسا اس لیے کیونکہ روس کی اہم گھریلو سیکورٹی ایجنسی نے سیکورٹی معاملوں کو لے کر ایک جامع فہرست تیار کیا ہے۔ اس فہرست میں وہ باتیں درج ہیں جن کے مطابق کسی کو غیر ملکی ایجنٹ نشان زد کیا جا سکتا ہے۔ فہرست میں شامل اجزاء کے مطابق فوج اور سیکورٹی کی تنقید کرنے والوں کو بھی غیر ملکی ایجنٹ تصور کیا جائے گا۔
فیڈرل سیکورٹی سروس کے ذریعہ ایک سرکاری نوٹس پورٹل پر جمعہ کو جاری حکم میں فوجی اور خلائی پروگراموں سے جڑے معاملوں کی ایک فہرست ڈالی گئی ہے۔ اس فہرست میں مسلح افواج کی صلاحیت بھی شامل ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایسی جانکاری اگر غیر ملکی حکومتوں، اداروں یا اشخاص کو فراہم کی جاتی ہے تو ان کا استعمال روس کی سیکورٹی کے خلاف کیا جا سکتا ہے۔
موصولہ خبروں میں بتایا جاتا ہے کہ یہ قانون بیرون ملکی دولت حاصل کرنے والے ادارں کو غیر ملکی ایجنٹ کی شکل میں ظاہر کرنے کی بھی سہولت مہیا کرتا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ ’غیر ملکی ایجنٹ‘ کا یہ خطاب افسران کی تنقید کرنے والی کچھ شہری اداروں اور میڈیا پر نافذالعمل ہے۔ اس تعلق سے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں ’ریاستی خود مختاری تحفظ کمیٹی‘ کے چیف آندریئی کلیموو نے کہا کہ ’’قانون کے ان ضابطوں کا اظہارِ رائے کی آزادی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘