گزشتہ دنوں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈ-2022 کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر بہترین فلموں اور بہترین اداکاروں کے نام کا اعلان کیا گیا۔ اس وقت پورے ملک میں دھوم مچا رہی فلم ’پشپا‘ کو سال کی بہترین فلم کا دادا ایوارڈ دیا گیا ہے، جبکہ رنویر سنگھ کو فلم ’83‘ کے لیے بہترین اداکار اور کیرتی سینن کو فلم ’مِمی‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
دادا صاحب پھالکے ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر زمروں میں سدھارتھ ملہوترہ کو کریٹکس بیسٹ ایکٹر جبکہ کیارا اڈوانی کو کریٹکس بیسٹ ایکٹریس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں فلم ’شیر شاہ‘ کو بیسٹ فلم کی سند دی گئی۔ بیسٹ ڈیبیو کا ایوارڈ اہان شیٹی کو ملا جبکہ سپورٹنگ رول کے لیے ستیش کوشک اور لارا دتّا کو منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر ماضی کی اداکارہ آشا پاریکھ کو فلم انڈسٹری میں ان کے شاندار تعاون کے لیے بھی نوازا گیا۔
بیسٹ ویب سیریز کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ’کینڈی‘ کو ملا جبکہ منوج واجپئی نے بہترین اداکار اور روینا ٹنڈن نے بہترین اداکارہ کے طور پر یہاں بازی ماری۔ سیریل ’انوپما’ کو ٹیلی ویژن سیریز آف دی ایئر کا ایوارڈ، شاہیر شیخ کو بہترین اداکار اور شردھا آریہ کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ روپالی گانگولی کو ’انوپما‘ سیریل کے لیے موسٹ پرومیسنگ اداکارہ کا دادا صاحب پھالے ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ بہترین شارٹ فلم ’پولی‘ رہی جبکہ بہترین پلے بیک گلوکار وشال اور گلوکارہ کنیکا کپور رہیں۔ بہترین سنیماٹوگرافر کا ایوارڈ جئے کرشن گُمدّی نے حاصل کیا۔