آسٹریلیائی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کچھ ایسا کیا جس نے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی یاد دلا دی۔ در اصل میچ کے بعد وارنر جب صحافیوں کے سوالوں کا جواب دینے پریس کانفرنس میں پہنچے تو ان کے سامنے کوکا-کولا کی دو بوتلیں رکھی تھیں۔ وارنر نے یہ بوتلیں اٹھا کر اپنے پاس رکھ لیں۔ پھر جب ان کا مائک ٹھیک کرنے ایک شخص وہاں پہنچا تو وارنر نے پوچھا ’’کیا میں انہیں ہٹا سکتا ہوں؟‘‘ اچانک ان کے سامنے بیٹھے کسی شخص نے کچھ کہا، جس پر وارنر نے جواب دیا ’’تو مجھے یہ (کوکا-کولا کی بوتل) وہاں رکھنی ہوگی۔ اگر یہ کرسٹیانو کے لیے ٹھیک ہے تو میرے لیے بھی ٹھیک ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ یورو کپ-2020 کے ایک میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کرسٹیانو رونالڈو نے کوکا-کولا کی بوتل ہٹائی تھی۔ انھوں نے پانی کی بوتل اپنے قریب رکھ کر پرتگالی لفظ ’ایگوا‘ کہا تھا جس سے لوگوں میں یہ پیغام گیا کہ کوکا-کولا نہیں پانی پیجیے۔ بعد ازاں کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی ایسا کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ رونالڈو کے اس عمل سے کمپنی کو تقریباً 4 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ چونکہ کوکا-کولا اور یو ای ایف اے کے درمیان ایک معاہدہ قائم ہے، اس لیے دونوں نے بعد میں یقینی بنایا کہ آگے سے کوئی بھی رونالڈو جیسی حرکت نہ دہرائے۔ اب وارنر نے ہنسی مذاق میں ہی کوکا-کولا کی بوتل ہٹا کر پرانی بات یاد دلا دی۔