گزشتہ سال ’سلی ڈیلس‘ ایپ معاملہ خوب سرخیوں میں رہا تھا۔ اس ایپ کے ذریعہ مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ ہنگامہ برپا ہونے کے بعد کلیدی ملزم اونکاریشور ٹھاکر سمیت کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی تھیں۔ اب اس کے خلاف کیس چلنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ دراصل دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے اونکاریشور ٹھاکر کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
اسپیشل سیل دہلی پولس نے ملزم کے خلاف 7 جولائی 2021 کو کیس درج کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ذرائع نے 11 دسمبر کو بتایا کہ اونکاریشور ٹھاکر پر کریمنل پینل کوڈ کی دفعہ 196 کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا جو ریاست کے خلاف جرائم کے لیے مقدمہ چلانے اور مجرمانہ سازش تیار کرنے سے متعلق ہے۔ اس دفعہ کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب یہ معاملہ دہلی ایل جی کے سامنے پہنچا تو انھوں نے اس کی منظوری دے دی۔
غور طلب ہے کہ ’سلی‘ مسلم خواتین کے خلاف استعمال کیا جانے والا قابل اعتراض لفظ ہے۔ 4 جولائی 2021 کو ٹوئٹر پر ’سلی ڈیلس‘ نام سے کئی اسکرین شاٹ شیئر ہوئے تھے۔ اس ایپ میں ایک ٹیگ لائن تھی ’سلی ڈیل آف دی ڈے‘ اور اسے مسلم خواتین کی تصویر کے ساتھ شیئر کیا جا رہا تھا۔ ایپ پر کئی مسلم خواتین کی تصویریں بغیر ان کی اجازت نیلامی کے لیے اَپلوڈ کی گئی تھیں۔ اس پر ہنگامہ شروع ہوا تو جنوری 2022 میں اونکاریشور کی گرفتاری ہوئی تھی۔