دہلی فسادات 2020 سے متعلق کئی کیسز دہلی کی عدالت میں چل رہے ہیں اور کئی معاملوں میں جج نے لاپروائی اور غیر سنجیدہ رویہ کے لیے دہلی پولس کو پھٹکار بھی لگائی ہے۔ اب اس تعلق سے دہلی پولس کمشنر راکیش استھانا نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ’ایس آئی سی‘ یعنی اسپیشل انوسٹی گیشن سیل تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ بار بار عدالت کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے اور دہلی فسادات 2020 کی سنجیدگی سے جانچ کرانے کے مقصد سے 23 ستمبر کو یہ فیصلہ لیا گیا۔ ایس آئی سی کی قیادت اسپیشل پولس کمشنر (سنٹرل زون) کو سونپی گئی ہے۔
غور طلب ہے کہ فروری 2020 میں دہلی کے شمال مشرقی علاقہ میں فرقہ وارانہ فسادات پیش آئے تھے۔ ان فسادات میں پولس اہلکاروں سمیت 53 لوگ ہلاک اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔ دہلی پولس نے اس تعلق سے ایک کے بعد ایک کئی مقدمے درج کیے تھے اور سینکڑوں ملزمین کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد کو بھی جیل میں بند کر دیا تھا۔
دہلی فسادات 2020 سے متعلق دہلی پولس ہیڈکوارٹر نے اُس وقت 755 مقدمات کی جانچ کے لیے 3-3 اسپیشل جانچ ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ ان مقدمات میں سے 62 معاملے جانچ کے لیے دہلی پولس کرائم برانچ ٹیم کے حوالے کیے گئے تھے۔ اب تک دہلی پولس 1800 سے زائد افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ ان ملزمین میں سے کئی اب بھی دہلی کی مختلف جیلوں میں بند ہیں، جب کہ کئی افراد ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔