پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف سابق بی جے پی ترجمان نوپور شرما کے قابل اعتراض بیان پر ہنگامہ ہنوز جاری ہے۔ ان کی حمایت اور دفاع میں دیگر کئی لیڈروں نے بیان دیے ہیں اور یہ سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔ اب دہلی پولس کی اسپیشل سیل نے اس سلسلے میں سخت قدم اٹھایا ہے۔ اس نے نوپور شرما، نوین جندل اور صبا نقوی سمیت 9 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ان سبھی پر الگ الگ مذاہب کے خلاف نازیبا تبصرہ کر ماحول خراب کرنے کا الزام ہے۔

ایف آئی آر اسپیشل سیل کی سائبر یونٹ کے ذریعہ درج کیا گیا ہے۔ کیس درج ہونے کے بعد اب پولس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ان سبھی لیڈروں کے نام پوسٹ کیے گئے ہیں جن پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ یہ نام ہیں نوپور شرما، نوین کمار جندل، شاداب چوہان، صبا نقوی، مولانا مفتی ندیم، عبدالرحمن، گلزار انصاری، انل کمار مینا اور پوجا شکون۔

غور طلب ہے کہ نوپور شرما کے اہانت رسولؐ پر مبنی بیان نے عالمی سطح پر مسلمانوں میں ناراضگی پیدا کر دی ہے۔ کئی عرب ممالک نے نوپور شرما کے تبصرہ کی شدید مذمت کی، اور اس دباؤ میں بی جے پی نے نوپور شرما کو پارٹی سے معطل کر دیا۔ بی جے پی نے ایک بیان جاری کر واضح کیا کہ اس طرح کے تبصرے بی جے پی کے بنیادی نظریات کے خلاف ہیں۔