بے شک صحت سے بڑی کوئی دولت نہیں۔ بہتر صحت کے لیے صاف صفائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ ہاتھوں اور دانتوں کی صحت و صفائی ان میں سب سے اہم ہے۔ کورونا وبا کے دوران ہاتھوں کی صفائی پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ گزشتہ 7 اپریل کو عالمی یومِ صحت تھا اور اس موقع پر ڈینٹل چیک اپ کے ساتھ ہی ہاتھوں کی صفائی ستھرائی پر بھی توجہ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

دراصل رابعہ گرلز اسکول کے پری پرائمری سیکشن میں عالمی یوم صحت کے موقع پر گزشتہ روز ’کنڈر گارٹن‘ کے لیے دانتوں کے چیک اپ اور ہاتھوں کی صحت و صفائی سے متعلق سیشن منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کویتا رجھوانی کی قیادت میں ڈاکٹر اکشتا مہتا اور ڈاکٹر رکشتا ڈی، مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز، نئی دہلی نے طالبات کا ڈینٹل چیک اپ کیا اور ساتھ ہی انہیں ٹوتھ پیسٹ بطور تحفہ پیش کیا۔ اسکولی طالبات اس تحفہ کو حاصل کر بہت خوش نظر آئیں۔

ڈاکٹروں کی اس ٹیم نے طالبات سے ہاتھوں کی صفائی سے متعلق خصوصی طور پر بات چیت کی اور انہیں ہاتھ دھو کر دکھایا کہ کس طرح انگلیاں، ہتھیلی، ناخن وغیرہ صاف کیے جاتے ہیں۔ اس کے بعد کچھ بچوں سے اپنے سامنے اسی طریقہ سے ہاتھ دھلوائے گئے۔ محترمہ بلقیس درّانی، ہیڈ مسٹریس پری پرائمری سیکشن نے اس پروگرام کو آئندہ سالوں میں بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ہیڈ مسٹریس، اساتذہ اور دیگر اسٹاف کی کاوشوں کے سبب پروگرام بہت کامیاب ثابت ہوا۔