حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کا متنازعہ بیان پارٹی کے لیے لگاتار مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں تو حملہ آور ہیں ہی، بی جے پی کے اندر بھی توہین رسالت معاملے پر کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ اس کی تازہ مثال راجستھان میں دیکھنے کو ملی جہاں نوپور شرما کے قابل اعتراض بیان پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کی ایک خاتون کونسلر نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ خاتون کونسلر کا نام تبسم مرزا ہے جو کوٹہ میں وارڈ 14 کی کونسلر ہیں۔ انھوں نے سوموار کو پارٹی ریاستی صدر ستیش پونیا اور ضلع صدر کرشن کمار سونی کو اپنا استعفیٰ نامہ بھیجا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تبسم مرزا نے ضلع صدر کو خط لکھ کر بتایا کہ وہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہی ہیں۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ ’’موجودہ حالات میں پارٹی میں کام کرنا ممکن نہیں ہے۔ بی جے پی اپنے ایسے کارکنان کو قابو میں کرنے میں ناکام ہے جو نبیؐ کے خلاف بولتے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں ’’اگر اتنا کچھ ہونے کے باوجود میں بی جے پی کی رکن رہی اور پیغمبر کے خلاف ہونے کے باوجود میں پارٹی کی حمایت کرتی رہی تو مجھ سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوگا۔ ایسے میں اب میں اس پارٹی کے ساتھ رہ کر کام نہیں کر سکتی۔‘‘

غور طلب ہے کہ نوپور شرما نے ایک ٹی وی مباحثہ میں پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق انتہائی قابل اعتراض بیان دیا تھا۔